نئے بلاگران کے لیے چند مفید مشورے
بیشتر نئے بلاگران یہ شکوہ کرتے نظر آتے ہیں کہ پرانے اردو بلاگ لکھنے والے نئے بلاگ لکھنے والوں کے بلاگ پر تبصرہ نہیں کرتے ۔ شکوہ سو فی صد معقول ہے، لیکن تین سال سے اردو بلاگ چلانے کے بعد جو بات میں نے نوٹ کی ہے وہ یہی ہے کہ اردو بلاگ پر صرف چند لگے بندھے افراد ہی تبصرہ کرتے ہیں، تبصرہ کرنے والوں کا یا تو اپنا بلاگ بھی ہے یا پھر چند گنے چنے ممبران ہیں جو اردو بلاگرز کو گھاس ڈالتے ہیں، اس دائرہ کے باہر شاذونادر ہے کوئی اردو بلاگ پر تبصرہ کرتا ہے ۔
اس سلسلے میں میری طرف سے کچھ مشورے مفت حاضر ہیں، میں خود ان پر عمل نہیں کرتا، اس لئے یہ آپ پر منحصر ہے کہ ان پر عمل کریں یا نہیں کریں
مناسب تشہیر ۔
زیادہ تر اردو بلاگرز پرانے یا نئے اپنے بلاگ کی تشہیر پر بہت کم توجہ دیتے ہیں یا دیتے ہی نہیں، میرے بلاگ پر ستر فی صد سے زیادہ آمدورفت مختلف بلاگ ایگریگیٹرز کی وجہ سے ہوتی ہے، اگر میں بلاگ پر مہینہ بھر کوئی تحریر نہیں لکھوں تو یہ آمدورفت بھی آدھی سے کم رہ جاتی ہے ۔اور یہی حال بیشتر اردو بلاگ لکھنے والوں کا ہوگا۔ مچھلی پکڑنے کے لئے آپ کو تالاب کا رُخ کرنا پڑتا ہے، چونکہ ہمارے بلاگ اردو میں ہیں اس لئے ہمیں اُن تمام جگہوں پر بلاگ کی تشہیر کرنا ہو گی جہاں اردو پڑھنے والے خصوصاً پاکستانی جاتے ہیں، جیسے پاک رینک سے کافی لوگ میرے بلاگ پر آتے ہیں، ایسے فورم جہاں پاکستانی اور اردو پڑھنے والے جاتے ہیں مثلاً ہلاگلا، وہاں پر آپ اپنے دستخط میں اپنی تازہ تحریر کا ربط دے سکتے ہیں ۔اِن سب باتوں کے علاوہ سب سے اہم بات کہ ہمیں اردو کی محبت میں صرف اردو بلاگرز تک ہی محدود نہیں ہو جانا چاہیے ہے، انگریزی میں لکھنے والے پاکستانی بلاگز پر آپ کو جانا چاہیے، اور اُن کی تحاریر پر تبصرے کریں، جو بلاگ آپ کو پسند آتا ہے اُس کے فیڈ کو اپنے ای میل کے منسلک کر لیں اور جب جب نئی تحریر لکھی جائے گی آپ اسے اپنے ای میل میں پڑھ سکتے ہیں اور اگر تبصرہ کرنے کا من کرے تو تب ای میں میں دیے گئے ربط پر جانے سے آپ وہاں تبصرہ کر سکتے ہیں، جب جب میں نے کسی پاکستانی انگریزی بلاگ پر تبصرہ کیا ہے، وہاں سے کافی سے افراد میرے بلاگ تک پہنچے ہیں۔ اردو کی محبت میں آپ صرف اپنے آپ کو اردو تک محدود نہیں رکھیں، بلکہ لوگوں کو پتہ لگنا چاہیے ہے کہ آپ بھی نیٹ کی دُنیا میں موجود ہیں ۔ اس کے علاوہ ٹیکنوراتی پر اپنے بلاگ کے مالکانہ حقوق حاصل کریں اور بلاگ کے ساتھ ایسے ٹیگ منسلک کریں جو کہ اردو پڑھنے والے تلاش کرتے ہیں وغیرہ ۔ ان سب باتوں کے بعد جب آپ مسلسل بلاگ لکھتے رہے تو میری ضمانت ہے کہ نا صرف آپ کے بلاگ پر تبصرے کرنے والے آ جائیں گے بلکہ کچھ مستقل افراد آپ کا بلاگ پر تبصرہ کرنے لگیں گے ۔
چند ایک ایگریگیٹرز کے روابط
www.pakranks.com
www.urdublogz.com
بلاگ کو بلاگ رکھیں ۔
جب تک آپ ایک پیشہ ور بلاگر نہیں ہیں تب تک آپ بلاگ کو بلاگ ہی رکھیں، پیشہ ور بلاگرز جو بلاگ کو تجارتی مقاصد کے لئے استعمال کرتے ہیں، اُن کے خبریں حاصل کرنے کے اپنے ذرائع ہوتے ہیں، اس لئے ایسے بلاگز کی نقل میں اپنا اصل مت کھو دیں ۔ کسی خبروں کی سائٹ سے پوری خبر نقل کرنے کی بجائے اُس کا ربط دے کر اُس پر صرف اپنا تبصرہ کریں، لوگ آپ کے بلاگ پر خبریں پڑھنے نہیں بلکہ اُن خبروں پر آپ کے خیالات پڑھنے زیادہ آئیں گے ۔ اپنے بلاگ پر کم از کم ایک زمرہ ایسا رکھیں جو کہ مرکزی زمرہ میں شمار ہو، اس کے علاوہ اُس موضوع کی طرف آپ کا اتنا رجحان ہو کہ آپ اُس پر بلا تکان لکھ سکیں ۔ یہ موضوع سیاست بھی ہو سکتا ہے، معاشرہ، کھیل کچھ بھی ہو سکتا ہے ۔ لیکن اگر آپ سیاست یا کھیل جیسے موضوع کا انتخاب کرتے ہیں تب آپ کو چُستی کا مطاہرہ کرنا ہو گا، یہ نہیں ہو کہ واقعہ کے پندرہ دن بعد آپ اُس موضوع پر لکھ رہے ہوں ۔ جتنا عوامی موضوع ہو گا اُتنے ہی عوام زیادہ آئیں گے، اس لئے بلاگ کو عوامی رنگ ہی میں رکھیں اور اُن موضوع کا انتخاب کریں جو کہ آپ کے اردگرد ظہور پذیر ہوتے ہیں، ایسے موضوع جن پر لوگ چوراہوں میں کھڑے ہو کر گھنٹوں بحث کرتے ہیں ۔
بلاگ کی زبان ۔
زبان پر دسترس ہونا بلاگ میں ایک اضافی خوبی ہے، لیکن ہر بلاگ لکھنے والا ادیب یا شاعر نہیں ہوتا کہ زبان بھی اعلیٰ ہو اور اس کے علاوہ تحریر میں توازن بھی برقرار رہے ۔ زبان کو ذہن پر سوار کر کے اپنی تحریر میں روانی کو ختم مت کر لیں ۔ زبان جتنی عام فہم ہو گی قاری کو تبصرہ کرنے میں اُتنی ہی آسانی ہو گی، اس لئے اگر اردو بلاگ میں کوئی انگریزی کا لفظ جو کہ اب روزمرہ میں مستعمل ہو کو استعمال کرنے سے مت ہچکچائیں، ہسپتال کو طب خانہ کی بجائے ہسپتال ہی رہنے دیں تو زیادہ بہتر ہو گا ۔
یہ تحریر جہانزیب کے بلاگ اردو جہاں سے چند چھوٹی تبدیلیوں کے بعد شائع کی گئی۔
براہ کرم “پاک رینک” “ہلا گلا” اور کسی پاکستانی انگریزی بلاگ ایگریگیٹر کا لنک دے دیجئے۔
عثمان
June 20, 2010 at 9:36 pm
[...] کی تشہیر کا ذکر ایک پچھلی پوسٹ میں بھی کیا گیا ہے۔ لیکن یہاں کچھ دوسرے طریقوں سے [...]
اردو بلاگران کے لیے چند مشورے « اردو بلاگز ایگریگیٹر کا بلاگ
July 11, 2010 at 11:55 am
[...] کیجیے۔ بلاگ کی تشہیر کیجیے۔ بلاگ کی تشہیر کا ذکر یہاں بھی کیا گیا ہے۔ لیکن یہاں کچھ دوسرے طریقوں سے تشہیر کے [...]
اردو بلاگ بہتر بنائیے - پاکستان کی آواز - پاکستان کے فورمز
July 11, 2010 at 1:39 pm